

محمود احمد, August 02,2026
اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 2 اگست 2026ء
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی موثر سہولت کاری اور معاونت سے اعلیٰ سطحی امریکی کاروباری وفد نے کراچی کا دو روزہ دورہ مکمل کر لیا ہے۔ اپنے دورے کے دوسرے روز امریکی وفد نے صوبائی وزراء سے اہم ملاقاتیں کیں اور صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ان ملاقاتوں کے دوران بن قاسم انڈسٹریل پارک، کراچی انڈسٹریل پارک اور دیگر اہم صنعتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی وفد کو سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ، کیٹی بندر پورٹ، این ای ڈی ٹیک پارک اور مجوزہ سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر سے متعلق جامع بریفنگ بھی دی گئی۔
بعد ازاں امریکی وفد نے پاکستان بزنس کونسل کے نمائندوں سے بھی اہم ملاقات کی، جس میں کیپٹل مارکیٹس، زراعت، ٹیکسٹائل، توانائی، معدنیات، صحت اور دیگر اہم شعبہ جات میں دوطرفہ سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
امریکی کاروباری وفد نے پاکستان میں قائم سرمایہ کاری کے سازگار ماحول اور مختلف معاشی شعبوں میں موجود کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ کاروباری رہنماؤں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے، پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے اور کاروبار کو آسان بنانے کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کے کلیدی کردار کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں جس سے پاک امریکہ معاشی تعاون مزید مضبوط اور مستحکم ہوگا۔