روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ: جولائی 2026 کے اختتام تک مجموعی ترسیلاتِ زر 13.647 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں

Spread the love

کاشف عباسی , August 17,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 17 اگست 2026ء

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026ء کے اختتام تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت مجموعی ترسیلاتِ زر بڑھ کر 13.647 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جو جون 2026ء کے اختتام پر 13.365 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

اعداد و شمار کے مطابق صرف جولائی 2026ء کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 282 ملین ڈالر بھیجے، جبکہ جون میں 306 ملین ڈالر اور مئی 2026ء میں 312 ملین ڈالر موصول ہوئے تھے۔ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد جولائی میں 10 ہزار 589 کے اضافے سے 9 لاکھ 56 ہزار 790 ہو گئی ہے، جبکہ جون میں یہ تعداد 9 لاکھ 46 ہزار 201 ریکارڈ کی گئی تھی۔

جولائی کے اختتام تک تارکینِ وطن نے مختلف مالیاتی اسکیموں میں نمایاں سرمایہ کاری کی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 684 ملین ڈالر، نیا پاکستان اسلامی سرٹیفکیٹس میں 1316 ملین ڈالر اور روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ میں 151 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وطنِ عزیز میں براہِ راست بینکاری، رقوم کی منتقلی اور مختلف شعبوں میں محفوظ سرمایہ کاری کے لیے جدید اور آسان سہولیات فراہم کر رہا ہے۔