دو سالوں میں 133 ارب روپے کی منشیات تلف؛ نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح

کاشف عباسی , September 04,2026

کوئٹہ (نیوز اینڈ نیوز) — 4 ستمبر 2026ء

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت منشیات کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل اور سخت اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے اپنے ایک اہم بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بتایاکہ گزشتہ دو سال کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب اور موثر کارروائیوں کے نتیجے میں 133 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات ضبط کر کے تلف کی جا چکی ہے، جو منشیات کے خلاف حکومت کے پختہ عزم اور اداروں کی بہترین کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں میں 1,638 کلوگرام آئس (کرسٹل) اور 620 کلوگرام چرس قبضہ میں لے کر تلف کی گئی، جبکہ دو سال کے عرصے میں 27 ہزار سے زائد غیر ملکی شراب اور بیئر کی بوتلیں اور کین بھی ضبط کر کے تلف کیے گئے۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ منشیات کے خلاف جاری یہ مہم محض ایک قانونی اقدام نہیں بلکہ بلوچستان کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی ایک جامع اور منظم جدوجہد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ منشیات کی ترسیل، فروخت اور استعمال میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی تاکہ صوبے کو ایک محفوظ، صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرہ بنایا جا سکے جہاں نوجوان اپنی توانائیاں تعلیم، ہنر، کھیل اور مثبت سرگرمیوں میں استعمال کر سکیں۔

ایچ ای سی مانیٹرنگ ٹیم کا انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کا دورہ، انسداد منشیات پالیسی کے اقدامات کا جائزہ

روزینہ اسماعیل, August 21,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 21 اگست 2026ء

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی مانیٹرنگ ٹیم نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونیورسٹی میں انسدادِ منشیات پالیسی پر عملدرآمد اور طلبہ کے تحفظ کے لیے کیے گئے حفاظتی و انسدادی اقدامات کا جامع جائزہ لیا۔

یونیورسٹی حکام کی جانب سے دی گئی تفصیلی بریفنگ کے بعد ایچ ای سی مانیٹرنگ ٹیم نے مرد اور خواتین کے مختلف کیمپسز اور سیکیورٹی مانیٹرنگ کے تمام پوائنٹس کا عملی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ٹیم نے کیمپس میں نگرانی کے جدید آلات اور مانیٹرنگ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط اور فعال بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ایچ ای سی ٹیم نے آئی آئی یو آئی کی انتظامیہ کی جانب سے کیمپس کو منشیات اور تمباکو سے پاک رکھنے، اساتذہ و طلبہ میں مسلسل آگاہی کی مہمات چلانے اور ایچ ای سی کی قومی پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

ملک گیر کارروائیوں میں 3.3 ملین روپے سے زائد کی منشیات برآمد؛ اے این ایف نے 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا

منصور احمد, JULY 26,2026

راولپنڈی/اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 26 جولائی 2026ء

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات کی ترسیل کے خلاف ملک بھر میں 3 کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے 36.8 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی جس کی عالمی و مقامی مارکیٹ میں قدر 3.3 ملین روپے سے زائد ہے- ترجمان اے این ایف کے مطابق پہلی کارروائی کراچی میں شاہراہِ فیصل پر واقع ایک کورئیر کے دفتر میں کی گئی، جہاں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل کے جوتوں میں چھپائی گئی 210 گرام افیون تحویل میں لی گئی۔ دوسری کارروائی کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب کی گئی جہاں گاڑی سے 16.8 کلو گرام چرس اور 3 کلو گرام کرسٹل میتھ (آئس) برآمد کر کے 3 ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ تیسری کارروائی میں مانسہرہ کے علاقے بالاکوٹ روڈ کے قریب موٹر سائیکل سے 16.8 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ ترجمان کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف منشیات کے انسداد سے متعلق ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔