کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ’سائلنٹ ایئرپورٹ‘ پراجیکٹ کا آغاز: پبلک اناؤنسمنٹس میں کمی، ڈیجیٹل ڈسپلے پر انحصار بڑھے گا

محمود احمد, August 20,2026

ریاض (نیوز اینڈ نیوز) — 20 اگست 2026ء

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اپنے بین الاقوامی ٹرمینل نمبر 5 پر ’سائلنٹ ایئرپورٹ‘ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ہوائی اڈے پر غیر ضروری پبلک اناؤنسمنٹس اور شور و غل کو کم کر کے مسافروں کو ایک پرسکون، اور آرام دہ سفر کا ماحول فراہم کرنا ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس پراجیکٹ کے تحت اب بلند آواز میں ہونے والے اعلانات کو صرف ڈیپارچر گیٹس تک ہی محدود رکھا جائے گا۔ مسافروں کو فلائٹ سے متعلق تمام ضروری معلومات اور اپ ڈیٹس فراہم کرنے کے لیے اب جدید ڈیجیٹل ڈسپلے سکرینز اور مختلف آن لائن چینلز کا استعمال کیا جائے گا۔ مسافر ایئرپورٹ کے آفیشل واٹس ایپ نمبر، ویب سائٹ، موبائل نوٹیفیکیشنز اور ’آسک می‘ ٹیم کے ذریعے اپنی پروازوں کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رہ سکیں گے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اس منصوبے کے اگلے مراحل کا اعلان طے شدہ وقت پر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ عالمی سطح پر بھی بہترین خدمات کے لیے جانا جاتا ہے۔ برطانیہ کے عالمی ادارے ‘سکائی ٹریکس’ کے انڈیکس میں اس ایئرپورٹ نے مشرقِ وسطیٰ کے بہترین ایئرپورٹس میں چوتھی جبکہ 30 سے 40 ملین مسافروں کی کیٹیگری میں نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں۔