

محمود احمد, September 21,2026
نیویارک (نیوز اینڈ نیوز) — 21 ستمبر 2026ء
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی ہفتے میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے نقطہ نظر کی بھرپور نمائندگی کریں گے۔ نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پہنچنے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد، امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، قونصل جنرل نیویارک عامر احمد عٹوزئی اور دیگر اعلیٰ سفارت کاروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، نائب وزیر اعظم کا 21 سے 25 ستمبر تک نیویارک میں انتہائی مصروف اور متنوع سفارتی شیڈول طے ہے۔ وہ اعلیٰ سطحی ہفتے کے دوران مختلف وزارتی کانفرنسوں، بین الاقوامی فورمز اور کثیر الجہتی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جموں و کشمیر سے متعلق رابطہ گروپ کے اہم اجلاس میں پاکستان کے دیرینہ اور اصولی موقف کا اعادہ کریں گے اور مقبوظہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حقِ خودارادیت کی سفارتی حمایت کو اجاگر کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔
فلسطین کی موجودہ صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ کے تنازع پر اسحاق ڈار عرب و اسلامی ممالک کے خصوصی اجلاس سمیت دو ریاستی حل کے عمل درآمد کے لیے تشکیل دیے گئے ‘گلوبل الائنس’ کے اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔ نائب وزیر اعظم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مصنوعی ذہانت (AI) کے ابھرتے ہوئے چیلنجز اور مواقع سے متعلق اعلیٰ سطحی بریفنگ میں پاکستان کا قومی بیانیہ پیش کریں گے۔ وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزارتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کا فریضہ بھی انجام دیں گے اور عالمی ہم منصبوں کے ساتھ اہم دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
نیوز اینڈ نیوز کی وضاحت:
یہ خبر وزارتِ خارجہ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ پریس ریلیز اور دورہ نیویارک کے طے شدہ شیڈول پر مبنی ہے۔ اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران نائب وزیر اعظم کے خطاب اور مختلف وزرائے خارجہ سے ہونے والی دوطرفہ ملاقاتوں کے اعلامیے پیش رفت کے ساتھ جاری کیے جائیں گے۔
ماخذ: فارن ڈیسک، نیوز اینڈ نیوز نیویارک / اسلام آباد۔