سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے الوداعی ملاقات، سفارتی خدمات کو خراجِ تحسین

منصور احمد, August 19,2026

لاہور (نیوز اینڈ نیوز) — 19 اگست 2026ء

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بدھ کے روز الوداعی ملاقات کی ہے۔ سعودی سفیر کے وزیرِ اعلیٰ آفس آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ترجمان وزیرِ اعلیٰ آفس کے مطابق ملاقات میں محمد نواز شریف اور مریم نواز نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات کے فروغ، استحکام اور معاشی و سفارتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے پاکستان میں اپنے سفارتی قیام کو یادگار قرار دیتے ہوئے پاکستان اور پنجاب میں ملنے والی پرخلوص میزبانی پر نواز شریف اور مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں اکثریتی جماعت نہیں، ن لیگ پر دھاندلی کا الزام افسوسناک ہے: مریم نواز شریف

کاشف عباسی , August 15,2026

مری (نیوز اینڈ نیوز) — 15 اگست 2026ء

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں اکثریتی جماعت نہیں ہے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ اس کے باوجود مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی کے بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے۔ مری میں آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دنگا فساد اور منفی سیاست کرنے والوں کو عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے رد کر دیا ہے۔ شرپسند عناصر پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان دراڑیں ڈالنا چاہتے ہیں، لیکن ایسے عناصر کے لیے صرف شکست فاش ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری عوام بخوبی جانتے ہیں کہ وفاق اور پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیا کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں سڑکوں اور بسوں کی سہولیات کا وعدہ تک نہیں کر سکی، کیونکہ جہاں ان کی 17 سال سے حکومت ہے وہاں وہ کچھ نچلا کام نہیں کر سکے۔

سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہ کیا جائے: میاں نواز شریف

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ سیاست میں نظریاتی مخالفت ہوتی ہے، لیکن اس مخالفت کو اتنی حد تک نہیں بڑھنا چاہیے کہ وہ ذاتی دشمنی میں تبدیل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے۔ آزاد کشمیر کا سیاسی ماحول ہمیشہ افہام و تفہیم، رواداری اور باہمی احترام پر مبنی رہا ہے، اور اگر اس کے اندر دشمنی کے جراثیم داخل ہو جائیں تو یہ کسی صورت اچھی بات نہیں ہے۔

نواز شریف نے زور دے کر کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز فراہم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے ابتدائی دو مرحلوں میں ن لیگ کو کامیابی ملی ہے اور عوام نے ایک بار پھر پارٹی کی قیادت اور کارکردگی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے، تاہم ہمیں اپنے اچھے امیدواروں کی شکست کے عوامل کا بھی باریک بینی سے جائزہ لینا ہوگا۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ اگر پارٹی نے عوام کی توقعات کے مطابق کام نہ کیا تو یہاں کے لوگ ناراض ہوں گے۔ آزاد کشمیر میں معياری سڑکیں، جدید ہسپتال اور تعلیمی سہولیات فراہم ہونی چاہئیں، کیونکہ آزاد کشمیر کا ہر بچہ بھی چاہتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں جدید لیپ ٹاپ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دن رات کی محنت سے ملک معاشی اور انتظامی طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔