پاکستان ریلوے کی آمدن میں تاریخی اضافہ: وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی کا ملتان میں پریس کانفرنس اور ملتان کینٹ ریلوے اسٹیشن کے دورے کے موقع پر بڑا اعلان

کاشف عباسی , August 22,2026

ملتان (نیوز اینڈ نیوز) — 22 اگست 2026ء

وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے میں جاری جامع اصلاحات اور سخت انتظامی اقدامات کے نتیجے میں ادارے کی مالی کارکردگی میں تاریخی اور نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے باعث گزشتہ مالی سال کے دوران ریلوے کی مجموعی سالانہ آمدن 88 ارب روپے سے نمایاں طور پر بڑھ کر 115 ارب روپے کی حد تک پہنچ چکی ہے جبکہ مال گاڑیوں کی فریٹ آمدن میں بھی 28 فیصد کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ملتان میں پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے اور بعد ازاں ملتان کینٹ ریلوے اسٹیشن کے دورے کے موقع پر انہوں نے بتایا کہ جب ڈیڑھ سال قبل پاکستان ریلوے کی باقاعدہ ذمہ داری سنبھالی گئی تو ادارے میں متعدد انتظامی و مالی خامیاں موجود تھیں، جنہیں دور کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے گئے۔ انہی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ ریلوے کی آمدن میں 27 ارب روپے کے ریکارڈ اضافے کی سٹیٹ بینک اور اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ سے بھی باقاعدہ تصدیق ہو چکی ہے۔

وفاقی وزیرِ ریلوے نے اراضی کی لیز اور ٹرینوں کی اپ گریڈیشن سے متعلق اہم پالیسیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر ریلوے کی قیمتی اراضی اور دیگر جائیدادوں کو مکمل شفافیت اور اوپن آکشن کے ذریعے لیز پر دینے کی پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ اس نئی پالیسی کے نتیجے میں ریلوے کی اراضی سے حاصل ہونے والی سالانہ آمدن 8 ارب روپے سے دوگنی ہو کر 16 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے اور آئندہ عرصے میں مجموعی آمدن میں مزید 50 سے 60 ارب روپے کے اضافے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ طویل عرصے سے لوکوموٹیوز اور کوچز کی دیکھ بھال میں عدم توجہی کے باعث مسائل پیدا ہوئے تھے لیکن اب مرحلہ وار بنیادوں پر ٹرینوں کے ایئر کنڈیشننگ سسٹم اور کوچز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ عوام ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، ہزارہ ایکسپریس، بزنس ٹرین اور سکھر ایکسپریس کی کوچز کی بہتری کے بعد اب تیزگام، پاکستان ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس کی اپ گریڈیشن پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے آپریشنز کو جدید بنانے کے سخت ڈیڈ لائنز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 15 ستمبر کے بعد اپ گریڈ کی گئی کسی بھی ہائی پروفائل ٹرین کے ریک میں پرانی کوچز کو شامل کرنے کی بالکل اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی ایسی آمیزش قبول کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے میں بجلی اور ایئر کنڈیشننگ کے نظام کو ہموار بنانے کے لیے 30 ستمبر تک بیڑے میں 30 نويں پاور وینز شامل کر دی جائیں گی، جبکہ 31 دسمبر تک مزید 16 اور 23 مارچ تک باقی 40 پاور وینز کی خریداری و شمولیت کا عمل مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد ملک میں پاور وینز کی کمی کا مسئلہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ 31 دسمبر تک تمام ڈمی ویگنز کے خاتمے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور 15 ستمبر تک روزانہ کی بنیاد پر چلنے والی فریٹ ٹرینوں کی تعداد کو 9 سے بڑھا کر 12 اور پھر دسمبر تک 15 تک پہنچایا جائے گا۔

ملکی بنیادی ڈھانچے اور میگا ریل منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ 70 سالہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ریلوے ٹریکس پر موجود 177 خطرناک مقامات کو ختم کرنے کا ایک بڑا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کی بہتری کے لیے وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے 10 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں اور ایک ارب روپے کی پہلی قسط جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روہڑی کراچی ریلوے ٹریک کی مکمل اپ گریڈیشن کے لیے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے ساتھ 2.5 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پا چکا ہے جس کے تحت ٹریک کی بہتری کے بعد کراچی اور روہڑی کے درمیان ٹرینوں کا سفری دورانیہ تقریباً 5 گھنٹے کم ہو جائے گا۔ اس اہم منصوبے کا سنگِ بنیاد جنوری کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں رکھا جائے گا جبکہ موجودہ حکومت کی مدت کے اختتام تک اس منصوبے کا 50 سے 60 فیصد کام مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ اس کے علاوہ تھرکول کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیے 105 کلومیٹر طویل نیا ٹریک بچھانے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس کی مکمل کے بعد مقامی کوئلے کی ترسیل سے پاکستان کو سالانہ 2 ارب ڈالر کے مبادلہ کی بچت ہوگی۔

پریس کانفرنس کے بعد وفاقی وزیرِ ریلوے نے ملتان کینٹ ریلوے اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے پلیٹ فارمز، پولیس ہیلپ لائن ڈیسک اور مسافر سہولت مراکز کا معائنہ کیا اور شہریوں سے راست گفتگو کر کے سہولیات سے متعلق ان کے خدشات اور آراء معلوم کیں۔ انہوں نے ملتان کینٹ ریلوے اسٹیشن پر جدید کنٹرول روم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور ریلوے آپریشنز کی نگرانی کے لیے قائم ڈیجیٹل ڈیش بورڈز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی اور ٹیکسلا کے تاریخی ریلوے سائٹس کو محکمہ آثارِ قدیمہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ لاہور میں شاہدرہ سے رائیونڈ تک 41 ریلوے پارکس بنائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ گارڈز اور ڈرائیورز کے رننگ رومز کی بہتری اور ملازمین کی رہائشی کالونیوں کی چھتوں و سیوریج کا کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے تاکہ عملے کو بھی بہترین ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ریلوے گارڈز اور لوکو پائلٹس کے لیے بڑا تحفہ: خانیوال میں جدید سہولیات سے آراستہ ‘رننگ رومز’ کی اپ گریڈیشن مکمل

منصور احمد, August 17,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 17 اگست 2026ء

وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کے فرنٹ لائن سٹاف، بالخصوص گارڈز اور لوکو پائلٹس کے لیے ایک اور اہم ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ راولپنڈی کے بعد اب خانیوال میں بھی ریلوے گارڈز اور ڈرائیورز کے لیے جدید ترین سہولیات سے آراستہ “رننگ رومز” کی جامع اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق پاکستان ریلوے کی 79 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ اپنے بنیادی فیلڈ سٹاف کے لیے اتنی وسیع اور جدید سطح پر ورکنگ کنڈیشنز اور رہائشی سہولیات میں بہتری لائی گئی ہے۔ خانیوال میں اپ گریڈ کیے گئے ان نئے رننگ رومز کا باضابطہ افتتاح 22 اگست کو کیا جائے گا۔

وزارتِ ریلوے کے حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کی خصوصی دلچسپی اور ہدایت پر محکمے کے فرنٹ لائن ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے محنتی اور جفاکش ملازمین کو بہترین، آرام دہ اور باوقار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ بغیر کسی ذہنی تناؤ کے اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔

چیئرمین پاکستان ریلویز کی زیرِ صدارت ایم ایل ون منصوبے کا اہم اجلاس: کراچی تا روہڑی سیکشن کی اپ گریڈیشن اور پیش رفت کا جائزہ

محمود احمد, August 15,2026

لاہور (نیوز اینڈ نیوز) — 15 اگست 2026ء

چیئرمین پاکستان ریلویز سید مظہر علی شاہ کی زیرِ صدارت مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبے سے متعلق ایک انتہائی اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں بین الاقوامی ڈیزائن کنسلٹنٹس، ریویو کنسلٹنٹس اور پاکستان ریلویز کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ایم ایل ون منصوبے کے پہلے مرحلے میں کراچی تا روہڑی سیکشن کی جدید اپ گریڈیشن، تکنیکی امور، آئندہ کی پیش رفت اور دیگر مختلف انتظامی و فنی پہلوؤں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین پاکستان ریلویز سید مظہر علی شاہ نے متعلقہ حکام اور کنسلٹنٹس کو سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کا ریویو فیز ہر صورت 30 اکتوبر 2026ء تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے منصوبے پر پیش رفت کو تیز تر بنانے کے لیے اس کی مسلسل نگرانی اور ہفتہ وار بنیادوں پر جائزہ لینے کا بھی حکم دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم ایل ون منصوبے کے لیے مارکیٹ مشاورت کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز 8 ستمبر 2026ء سے کیا جائے گا۔ اس مرحلے میں منصوبے کی تیاری، جدید ترین تکنیکی امور اور مستقبل کے عمل درآمد کے لائحہ عمل پر مارکیٹ ماہرین، بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز اور نجی شعبے کی آرا حاصل کی جائیں گی۔ ترجمان ریلویز کے مطابق منصوبے میں مکمل میرٹ، شفافیت اور مسابقت کے اصولوں کی پاسداری کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے ایم ایل ون منصوبے پر جاری پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون ریلوے کے معاشی استحکام، جدید ترین نظام اور مستقبل کی سفری ضروریات کی بنیاد ہے۔ اس منصوبے کی مکمل اپ گریڈیشن کے بعد ٹرینوں کی رفتار اور مسافروں کو میسر سہولیات میں انقلابی اور نمایاں بہتری آئے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا دورۂ ترکیہ: ‘ٹراسا’ اور ‘اسیلسن’ کا دورہ، ریلوے کی جدید کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پر اتفاق

منصور احمد, August 01,2026

انقرہ/ترکیہ (نیوز اینڈ نیوز) — 1 اگست 2026ء

وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے ترکیہ کے اپنے دو روزہ سرکاری دورے کے دوسرے روز ترکیہ کی معروف ریلوے مینوفیکچرنگ کمپنی ‘ٹراسا’ اور عالمی شہرت یافتہ دفاعی و ہائی ٹیکنالوجی کمپنی ‘اسیلسن’ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان ریلوے کی جامع جدید کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ مینوفیکچرنگ اور ڈیجیٹل ریلوے نظام کے فروغ پر دونوں ممالک کے حکام کے درمیان اہم اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارتِ ریلوے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر نے اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے ہمراہ جدید ریلوے ٹیکنالوجی، مسافر کوچز، ریلوے انجن، الیکٹرک اور ڈیزل ملٹی پل یونٹس فریٹ ویگنز، جدید پیداواری نظام، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور کوالٹی کنٹرول کے مختلف شعبوں کا بچشمِ خود معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ترک نائب وزیر ٹرانسپورٹ عثمان بویراز، ٹراسا کے ڈائریکٹر جنرل سلیم کوچبائے، ٹی سی ڈی ڈی تاشیماجیلک کے ڈائریکٹر جنرل اوفوک یالچن، ڈپٹی گورنر ساکاریا اور اسیلسن کے اعلیٰ حکام نے پاکستانی وفد کو ترکیہ کے جدید ریلوے آپریشنز، سگنلنگ، مواصلاتی نظام، سائبر سکیورٹی اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجیز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

مذاکرات کے دوران پاکستان ریلوے، ٹراسا اور اسیلسن کے درمیان ٹیکنالوجی ٹرانسفر، مشترکہ مینوفیکچرنگ، رولنگ اسٹاک کی جدید کاری، جدید سگنلنگ، ٹیلی کمیونیکیشن، خودکار ٹرین کنٹرول ، سائبر سکیورٹی اور ذہین ریلوے نظام میں آئندہ کے لیے وسیع تعاون کے امکانات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ مزید برآں، کیرج فیکٹری اسلام آباد اور پاکستان ریلوے کی دیگر مرکزی ورکشاپس کو جدید ترک ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور مقامی سطح پر ریلوے آلات کی تیاری کے امکانات پر بھی فریقین کے مابین کامل اتفاقِ رائے پایا گیا۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کی مکمل ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، جدید ٹریفک مینجمنٹ، فائبر آپٹک مواصلاتی نظام اور محفوظ ریلوے آپریشنز موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایم ایل-1 (ML-1)، ایم ایل-3 (ML-3) اور اہم ترین ‘اسلام آباد-تہران-استنبول’ فریٹ کوریڈور کی کامیابی کے لیے جدید ریلوے ٹیکنالوجی کو اپنانا نہایت ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے سگنلنگ اور مواصلاتی نظام کی بدولت علاقائی روابط اور فریٹ آپریشنز مزید مستحکم اور منافع بخش ہوں گے۔