مستونگ حملہ: سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شدید اظہارِ افسوس

منصور احمد, JULY 23,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ کے قریب سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور جوڈیشل مجسٹریٹ طارق لاشاری کی گاڑی پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق، وزیراعظم نے شہداء کی درجات کی بلندی اور ان کے سوگوار اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے میں شدید زخمی ہونے والے جوڈیشل مجسٹریٹ طارق لاشاری اور دیگر افراد کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ایسی بزدلانہ اور مذموم کارروائیوں سے دہشت گرد کبھی اپنے ناپاک مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل اور حتمی خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

مستونگ: سیشن جج پر حملہ ریاست اور قانون کی حکمرانی پر حملہ ہے، ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا؛ وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ

منصور احمد, JULY 23,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس بزدلانہ واقعے میں ملوث ہر کردار کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

وزارتِ قانون و انصاف کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیرِ قانون نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے باڈی گارڈ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے واقعے میں شدید زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔

وفاقی وزیرِ قانون نے اس افسوسناک واقعے کے فوراً بعد وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ حکومت صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں ہر صورت پوری کرے گی۔ اعظم نذیر تارڑ نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس کامران ملاخیل سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جنہوں نے تحقیقات اور قانونی کارروائی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیرِ قانون نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیازی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عدلیہ پر حملہ درحقیقت ریاست، آئین اور قانون کی حکمرانی پر حملہ ہے۔ حکومت ملک میں عدلیہ کے تحفظ اور انصاف کی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کرے گی اور امن دشمن عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

بحیرہ جنوبی چین کا مسئلہ چین اور آسیان تعلقات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے؛ ترجمان چینی وزارتِ خارجہ لین جیئن

محمود احمد, JULY 23,2026

بیجنگ (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے کہا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین کا مسئلہ چین اور آسیان کے مضبوط اور بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی راہ میں کسی طور بھی رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔

چینی خبر رساں ادارے سی جی ٹی این کے مطابق، ترجمان چینی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو حالیہ علاقائی صورتحال اور چین-آسیان تعلقات کی مستقبل میں ترقی پر میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اطراف کے قائدین کی مشترکہ حکمتِ عملی اور قیادت کے نتیجے میں چین اور آسیان تعاون کے بہترین ثمرات سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چین اس وقت آسیان کے 8 رکنی ممالک کے ساتھ ‘ہم نصیب معاشرے’ کی تعمیر کے حوالے سے اہم اتفاقِ رائے حاصل کر چکا ہے۔

ترجمان لین جیئن نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بحیرہ جنوبی چین تمام علاقائی ممالک کا مشترکہ گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور آسیان ممالک کے پاس اتنی دانش اور صلاحیت موجود ہے کہ وہ بحیرہ جنوبی چین کے تمام مسائل کو مناسب اور خوش اسلوبی کے ساتھ سنبھال سکیں تاکہ خطے میں امن، استحکام، باہمی تعاون اور دوستی کا ماحول قائم رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بحیرہ جنوبی چین میں امن و امان قائم رکھنے کی باگ ڈور علاقائی ممالک کے اپنے ہاتھوں میں ہونی چاہیے۔ چین تمام آسیان ممالک کے ساتھ مل کر ہر قسم کی بیرونی مداخلت اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہے اور بحیرہ جنوبی چین کے طے شدہ ‘ضابطۂ عمل’ پر مذاکرات کو مزید تیز کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

منی لانڈرنگ ملکی معیشت کے لیے سنگین خطرہ ہے، انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 2010ء پر سختی سے عمل درآمد ناگزیر؛ چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد

محمود احمد, JULY 23,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ ملکی معیشت کے استحکام، شفافیت اور عوامی جوابدہی کے نظام کے لیے ایک سنگین اور بڑا خطرہ ہے۔ اس سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون اور انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ 2010ء پر سختی سے عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وہ پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی کے زیرِ اہتمام اسلام آباد کی ضلعی عدلیہ کے ججوں کے لیے منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تفتیش، قانونی چارہ جوئی اور عالمی فریم ورک کے موضوع پر منعقدہ چوتھی ایک روزہ تعارفی نشست سے بطورِ مہمانِ گرامی خطاب کر رہے تھے۔

چیئرمین نیب نے واضح کیا کہ ان معلوماتی و تعارفی نشستوں کا بنیادی مقصد پاکستان کے انسدادِ منی لانڈرنگ فریم ورک سے متعلق آگاہی میں اضافہ کرنا اور عدلیہ، تفتیشی اداروں، پراسیکیوٹرز اور مالیاتی و ریگولیٹری اداروں کے درمیان باہمی تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط و فعال بنانا ہے۔

اختتامی تقریب میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فاضل جج، جسٹس محمد اعظم خان نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اس اہم اور بروقت تعارفی نشست کے انعقاد پر نیب اور پاکا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ مالیاتی شواہد اور فارنزک جائزوں کا موثر احاطہ کرنے اور قانون کی حکمرانی کو قائم رکھنے میں عدلیہ کا کردار انتہائی کلیدی نوعیت کا حامل ہے۔

تقریب سے ڈپٹی چیئرمین نیب ناصر سہیل، ڈائریکٹر جنرل نیب محمد طاہر اور نور السحر نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل پاکا غلام صفدر شاہ نے خیرمقدمی کلمات پیش کرتے ہوئے پاکا کو انسدادِ بدعنوانی کے شعبے کا ایک بہترین سینٹر آف ایکسی لینس قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر شریک ججوں میں اسناد تقسیم کی گئیں اور مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

پاکستان میں نرسنگ شو بے کی ڈیجیٹائزیشن اور مقامی ویکسین پروڈکشن میں تیزی لانے کا فیصلہ؛ وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کا اجلاس

منصور احمد, JULY 23,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک میں تربیت یافتہ نرسنگ افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے اور طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام مؤثر اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارتِ صحت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نمائندوں، فیڈرل سیکرٹری صحت، چیف انفارمیشن آفیسر وزارتِ صحت اور ڈریپ کے سی آئی او نے شرکت کی۔ اس موقع پر ای ڈی بی کے وفد نے پاکستان میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری اور پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کی ڈیجیٹائزیشن پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ ملک کو ویکسین کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے لیے مقامی پروڈکشن کے منصوبے پر پیش رفت کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تمام ریگولیٹری، قانونی اور تکنیکی تقاضے جلد از جلد مکمل کرنے کی تاکید کی۔

نرسنگ کے شعبے میں بنیادی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ صحت نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ نرسنگ کے شعبے میں پیشہ ورانہ معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اجلاس کے دوران ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نمائندوں نے پاکستان کے صحت کے شعبے کو جدید بنانے، تکنیکی معاونت اور پائیدار شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر نے ای ڈی بی کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کے صحت کے نظام کی مضبوطی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔

ایچ ای سی ریویو پینل کا ویمن یونیورسٹی ملتان کا دورہ؛ کمپیوٹر سائنس اور آئی ٹی پروگرامز کے معیار کا جامع جائزہ

روزینہ اسماعیل, JULY 23,2026

ملتان (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایک اعلیٰ سطحی ریویو پینل نے ویمن یونیورسٹی ملتان کا تفصیلی دورہ مکمل کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تدریسی، تحقیقی اور انتظامی معیار کا جامع معائنہ کیا ہے۔

اس دورے کا بنیادی مقصد کمپیوٹنگ پروگرامز میں نئے داخلوں پر عائد عارضی پابندی سے متعلق تحفظات کا جائزہ لینا، یونیورسٹی کی جانب سے کیے گئے اصلاحی اقدامات کا معائنہ کرنا اور ایچ ای سی کے مقررہ معیارات کی روشنی میں تفصیلی رپورٹ مرتب کرنا تھا۔

ریویو پینل کی قیادت وائس چانسلر تھل یونیورسٹی بھکر، پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار نے بطور کنوینر کی، جبکہ پینل کے دیگر ارکان میں ڈاکٹر عدیل انجم، ڈاکٹر مریم اکبر، ڈاکٹر محمد ارشد اعوان اور سید محمد علی عباس شامل تھے۔ یونیورسٹی آمد پر وفد کا استقبال رجسٹرار ڈاکٹر سارہ مصدق اور ڈائریکٹر آئی ٹی ڈاکٹر خدیجہ کنول نے کیا۔

رجسٹرار ڈاکٹر سارہ مصدق اور ڈاکٹر خدیجہ کنول نے پینل کو بتایا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان اعلیٰ تعلیم، جدید لیبارٹریز، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور آؤٹ کم بیسڈ ایجوکیشن کے فروغ کے لیے ایچ ای سی کی پالیسیوں پر مکمل عمل پیرا ہے اور طالبات کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

ریویو پینل نے دورے کے دوران کمپیوٹر لیبارٹریز، کلاس رومز، فیکلٹی پروفائلز، جدید نصاب، امتحانی نظام، کیریئر کونسلنگ اور گزشتہ تین سالہ تعلیمی و انتظامی ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ وفد نے یونیورسٹی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حاصل شدہ مشاہدات کی بنیاد پر جامع سفارشات ایچ ای سی کو ارسال کی جائیں گی، جس کی روشنی میں آئندہ داخلوں سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ؛ بحیرۂ احمر اور آبنائے ہرمز میں آزادانہ تجارتی نقل و حرکت کے لیے پاک سعودی مشترکہ عزم

کاشف عباسی , JULY 23,026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن، سلامتی اور پائیدار استحکام کے فروغ کے لیے اپنا قریبی تعاون جاری رکھیں گے، جبکہ بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور پورے خطے میں قانونی بحری آمدورفت اور بین الاقوامی تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے بھی مشترکہ حکمتِ عملی پر گامزن رہیں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری اپنے اہم پیغام میں وزیرِ اعظم نے بتایا کہ ان کی اپنے برادرِ گرامی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے تفصیلی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے۔ گفتگو کے دوران انہوں نے بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ اس نوعیت کے کارروائیاں قطعی ناقابلِ قبول ہیں، جو بین الاقوامی قوانین اور بحری آمدورفت کی آزادی کی صریح خلاف ورزی ہونے کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے امن و سلامتی کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔

انہوں نے برادر ملک سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور تمام پاکستانی قوم اس مشکل گھڑی میں سعودی قیادت اور اپنے برادر عرب عوام کے ساتھ مکمل ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے بتایا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے مابین اس بات پر مکمل اتفاق ہوا ہے کہ دونوں ممالک سمندری تجارت اور شاہراہوں کو تحفظ فراہم کرنے اور خطے کے وسیع تر مفاد و امن کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی منیلا میں برطانوی وزیرِ خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات؛ پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

کاشف عباسی , JULY 23,026

منیلا / اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منیلا میں منعقدہ ‘آسیان ریجنل فورم 2026ء’ کے موقع پر برطانیہ کے نئے مقرر کردہ وزیر برائے خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور ایڈ ملی بینڈ سے اہم دوطرفہ ملاقات کی ہے۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایڈ ملی بینڈ کو ان کی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دہائیوں پر محیط دیرینہ اور تاریخی شراکت داری کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط اور فعال بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

برطانوی وزیرِ خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے برطانیہ میں مقیم ملینز پر مشتمل پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو استوار رکھنے میں ان کے مثبت کردار کو سراہا۔

ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ برطانوی وزیرِ خارجہ نے حالیہ امریکہ اور ایران کشیدگی کے دوران خطے میں بات چیت کے فروغ اور تناؤ میں کمی لانے کے لیے پاکستان کے مسلسل تعمیری اور سفارتی کردار کی تعریف کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسلسل سفارت کاری اور بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی بیجنگ میں چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کے نائب صدر سے ملاقات

منصور احمد, JULY 23,2026

بیجنگ / اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اپنے دورۂ چین کے دوران بیجنگ میں ‘چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کمپنی’ کے نائب صدر لی لی سے ایک اہم اعلیٰ سطحی ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان بحری رابطوں اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی جدید کاری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزارتِ بحری امور کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، ملاقات کے دوران ریلوے الیکٹریفکیشن، پاکستانی بندرگاہوں کو اندرونِ ملک ریلوے نیٹ ورک سے باقاعدہ منسلک کرنے، جدید لاجسٹکس انفراسٹرکچر، اسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹمز اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت علاقائی تجارت کے فروغ سے متعلق منصوبوں پر باہمی تعاون کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر محمد جنید انوار چوہدری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کی ممتاز اور ماہر انجینئرنگ کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری سے پاکستان کی بندرگاہوں کو اندرونی اقتصادی راہداریوں سے جوڑنے کے لیے پائیدار اور جدید ٹرانسپورٹ نیٹ ورک قائم ہوگا، جس سے ملکی تجارتی مسابقت میں اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان بندرگاہوں کی جدید ترین خطوط پر استواری اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔

چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کی قیادت نے پاکستان کے انفراسٹرکچر اور پورٹ لاجسٹکس کے شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے جدید تکنیکی حل فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر نے چینی عہدیدار لی لی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے پاکستان میں اپنی کمپنی کی سرگرمیوں کو توسیع دینے کا اعلان کیا۔

آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت، بڑھتی آبادی پر قابو پانا قومی فریضہ ہے؛ وزیراعظم شہباز شریف

منصور احمد, JULY 23,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو پاکستان کے لیے سب سے بڑا معاشی و سماجی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات اور بہبودِ آبادی کو ایک اہم قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بہبودِ آبادی کے حوالے سے ایک اہم اور اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے زور دیا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے صوبوں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی اور وسیع تر عوامی آگاہی مہم چلانے کی تاکید کرتے ہوئے جلد از جلد ‘نیشنل پاپولیشن کونسل’ کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ‘نیشنل سٹیبلائزیشن پلان 2026-35’ پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کا بنیادی ہدف آبادی کی سالانہ شرحِ نمو کو موجودہ 2.55 فیصد سے کم کر کے 2035ء تک 1.25 فیصد پر لانا ہے۔ اس نئے فریم ورک کے تحت صحت، تعلیم، خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت، فنی تربیت اور وفاقی حکومت کے سماجی تحفظ کے پروگراموں کو بہبودِ آبادی کی شرائط سے مشروط کیا جا رہا ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا پشاور میں بے نظیر نشوونما مرکز کا دورہ؛ فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ

کاشف عباسی , JULY 23,026

پشاور (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے مولوی جی ہسپتال پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بی آئی ایس پی کے زیر اہتمام قائم بے نظیر نشوونما مرکز کا معائنہ کیا اور مستحق خواتین و بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران چیئرپرسن نے نشوونما مرکز کے عملے اور ہسپتال انتظامیہ سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں پروگرام کے درپیش مسائل اور مجموعی کارکردگی پر تفصیل سے بریفنگ دی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کا سب سے بڑا اور مؤثر سماجی تحفظ کا پروگرام ہے، جس سے ایک کروڑ سے زائد مستحق خاندان بلا تعطل مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ بی آئی ایس پی کے حوالے سے خبریں نشر کرنے سے قبل حقائق کی لازمی تصدیق کی جائے کیونکہ غیر تصدیق شدہ اطلاعات سے غریبوں کی عزتِ نفس مجروح ہوتی ہے۔

انہوں نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ “بی آئی ایس پی کی مالی معاونت کوئی خیرات یا بھیک نہیں بلکہ مستحق خاندانوں کا آئینی اور قانونی حق ہے۔”

سینیٹر روبینہ خالد نے اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پروگرام میں انسانی مداخلت کو ختم کرنے اور شفافیت بڑھانے کے لیے ادائیگیوں کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔ رواں ماہ کی قسط کے بعد مستحقین ملک بھر میں بی آئی ایس پی کی مجاز ریٹیل دکانوں سے بھی اپنی رقم باآسانی وصول کر سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بی آئی ایس پی کی سمیں صرف سرکاری دفاتر سے مفت ملتی ہیں اور کسی بھی جعل ساز یا دھوکہ دہی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔

پاکستان میں ذہنی صحت کے شعبے میں جامع اصلاحات کا فیصلہ؛ وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اہم اجلاس

کاشف عباسی , JULY 23,026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت پاکستان میں ذہنی صحت کے شعبے میں بنیادی اور پائیدار اصلاحات لانے سے متعلق ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک میں ذہنی صحت کی خدمات کو مؤثر، قابلِ رسائی اور جدید شواہد پر مبنی بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں گلوبل انسٹی ٹیوٹ آف ہیومن ڈیولپمنٹ کے بانی ڈائریکٹر ڈاکٹر سید عثمان ہمدانی نے شرکت کی اور پاکستان میں ذہنی صحت کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور درکار اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ ذہنی صحت کی خدمات کو بنیادی صحت کی سہولیات اور تعلیمی نظام کے ساتھ مؤثر انداز سے منسلک کیا جائے تاکہ نفسیاتی مسائل کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہو سکے۔ انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے تعاون سے ایک ‘قومی ذہنی صحت ڈیٹا ڈیش بورڈ’ قائم کرنے کا حکم دیا تاکہ شواہد کی بنیاد پر پالیسی سازی اور نگرانی کی جا سکے۔

وزیرِ صحت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو ذہنی صحت سے متعلق جامع پالیسی مرتب کرنے، اور ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے لیے لازمی سرٹیفکیشن و ڈپلومہ پروگرام متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، وزارتِ صحت کے تمام ٹیلی میڈیسن مراکز میں بھی نفسیاتی مشاورت کی فراہمی باقاعدہ شروع کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی اور جوائنٹ سیکرٹری کو سرکاری و نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کی تربیت اور متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم پیش کرنے کا پابند کیا۔ مصطفیٰ کمال نے ‘ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے 2026ء’ کی تیاریوں کو تیز کرنے اور ایک مؤثر قومی آگاہی مہم چلانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی حملوں کی شدید مذمت؛ وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو

منصور احمد, JULY 23,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے بزدلانہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق، انتہائی خوشگوار اور اخوت پر مبنی ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی تجارتی راستوں اور بحری ٹینکرز پر حملے قطعی ناقابلِ قبول اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے اقدامات جہاز رانی کی آزادی اور علاقائی و عالمی امن اور اقتصادی استحکام کے لیے شدید خطرہ ہیں۔

وزیراعظم نے مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اور تاریخی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور تمام پاکستانی قوم اس نازک گھڑی میں اپنے برادر ملک سعودی عرب اور اس کی قیادت کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان امن و سلامتی کے قیام، بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور وسیع تر خطے میں قانونی و تجارتی بحری نقل و حرکت کی بلاتعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی اور مضبوط تعاون جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مسلسل حمایت، یکجہتی اور دونوں ممالک کے درمیان منفرد برادرانہ تعلقات کو دل سے سراہا۔

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے انتقال پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

کاشف عباسی , JULY 23,026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے ناگہانی انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں سپیکر سردار ایاز صادق نے مرحوم کے اہل خانہ، دوست احباب اور جماعت اسلامی کے ارکان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امیر العظیم کا انتقال ان کے تمام وابستگان کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے مرحومات کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ امیر العظیم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و جمیل کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت اور اے آئی کے فروغ کے لیے میٹا کے ساتھ شراکت داری؛ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے میٹا وفد کی ملاقات

منصور احمد, JULY 23,2026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ‘میٹا’ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور ای کامرس کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزارتِ تجارت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وفاقی وزیر جام کمال خان نے میٹا کے وفد کو پاکستان کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت اور اے آئی سیکٹر میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کی باقاعدہ دعوت دی۔ اس موقع پر انہوں نے میٹا کی جانب سے 1,000 پاکستانی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو اے آئی اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی مفت تربیت فراہم کرنے کے پروگرام کا پرجوش خیرمقدم کیا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان ای کامرس اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے جامع اور جدید پالیسیوں کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور اے آئی کا استعمال یقینی بنانا ہوگا۔ جام کمال خان نے یقین دہانی کرائی کہ وزارتِ تجارت میٹا کو ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اور تجارتی تنظیموں کے ساتھ مؤثر روابط قائم کرنے کے لیے مکمل تعاؤن فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ میٹا کا یہ خصوصی ایس ایم ای ٹریننگ پروگرام اگست سے نومبر 2026ء تک جاری رہے گا، جس میں خواتین کاروباری شخصیات اور چھوٹے شہروں کے چھوٹے تاجروں کو خصوصی طور پر شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام ای کامرس کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے بہترین اور منفرد مواقع فراہم کرتی ہے۔

مصری قومی دن پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور برادر عوام کو مبارکباد

کاشف عباسی , JULY 23,026

اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مصر کے قومی دن کے پرمسرت موقع پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور برادر مصری عوام کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

جمعرات کو جاری کردہ اپنے تہنیتی پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین تعلقات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور مضبوط اعتماد کی تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ شراکت داری کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اور کثیر الجہتی فورمز پر بھی ہمیشہ افہام و تفہیم اور تعاون کی شاندار روایت کو برقرار رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، دفاع اور عوامی سطح پر روابط جیسے متنوع شعبوں میں دونوں ممالک کا بڑھتا ہوا تعمیری تعاون انتہائی خوش آئند اور حوصلہ افزا ہے۔

آصف علی زرداری نے حالیہ علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے فعال رابطہ کاری اور سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں پاک مصر دوستی علاقائی ہم آہنگی، امن اور وسیع تر اقتصادی ترقی کے فروغ میں مزید اہم کردار ادا کرے گی۔

امریکی فوج کی ایران پر مسلسل 12ویں رات شدید بمباری؛ بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون ذخائر پر فضائی حملے

محمود احمد, JULY 23,2026

واشنگٹن / تہران (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

امریکی فوج نے ایران کی فوجی تنصیبات پر مسلسل 12ویں رات بھی شدید بمباری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تازہ حملوں میں ایران کی بحری صلاحیتوں، میزائل و ڈرون ذخیرہ کرنے کے مراکز، ساحلی نگرانی کے اڈوں اور فضائی دفاعی نظاموں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ان مسلسل اور منظم کارروائیوں سے تجارتی و سویلین جہازوں کو نشانہ بنانے کی ایرانی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ سینٹکام کے مطابق امریکی فورسز نے سمندری ناکہ بندی کو دوبارہ فعال کرتے ہوئے نو تجارتی جہازوں کا رخ موڑا اور ایک جہاز کو ناکارہ بنایا ہے تاکہ ایرانی بندرگاہوں کی نقل و حرکت روکی جا سکے۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں اس وقت 50 ہزار سے زائد امریکی اہلکار ہائی الرٹ پر مامور ہیں۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا نے بوشہر اور جاسک میں امریکی جنگی طیاروں اور میزائلوں کی بمباری کی تصدیق کی ہے۔ بوشہر کے نائب گورنر احسان جہانیان نے کہا کہ بوشہر پر ہونے والے حملوں میں فی الحال کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

علاوہ ازیں، عرب ذرائع کے مطابق ایران کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں کویت میں واقع ‘السالم’ ایئر بیس سے آگ اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے ہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی منیلا میں نیوزی لینڈ کے وزیرِ خارجہ ونسٹن پیٹرز سے ملاقات؛ دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

منصور احمد, JULY 23,2026

منیلا / اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں منعقدہ ‘آسیان ریجنل فورم 2026ء’ کے موقع پر نیوزی لینڈ کے وزیرِ خارجہ ونسٹن پیٹرز سے ایک اہم دوطرفہ ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین موجودہ دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، کھیلوں اور عوامی روابط کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط اور وسیع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط، باقاعدہ ڈائیلاگ اور اعلیٰ سطحی تبادلوں کو مسلسل فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم سیاسی و سفارتی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے وزیرِ خارجہ ونسٹن پیٹرز نے حالیہ امریکہ اور ایران کشیدگی کے دوران پاکستان کے مثبت و تعمیری کردار، سفارتی کوششوں اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کی بھرپور تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی باہمی رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

کوپ 31 سے قبل پاکستان اور ترکیہ کا الیکٹرک گاڑیوں اور گرین انرجی شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر اتفاق؛ شاماخی میں وفاقی وزیر مصدق ملک کی فاطمہ ورنک سے ملاقات

کاشف عباسی , JULY 23,026

شاماخی، آذربائیجان / اسلام آباد (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے شاماخی (آذربائیجان) میں منعقدہ ‘کوپ 31 ہیڈز آف ڈیلیگیشنز ریٹریٹ’ کے موقع پر ترکیہ کی نائب وزیر برائے ماحولیات و آئندہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کی صدر فاطمہ ورنک سے اہم ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں رواں سال ترکیہ کی میزبان میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے مشترکہ وژن اور اہم ماحولیاتی ترجیحات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے ترجمان کے مطابق، دونوں ممالک نے کوپ 31 کی شروعات سے قبل ہی مشترکہ اور عملی پروگرامز شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، جن میں خاص طور پر الیکٹرک گاڑیوں بجلی کے فروغ، توانائی کی کارکردگی اور ری سائیکلنگ کی صنعت کو مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے ترک وفد کو پاکستان کے دو کلیدی ماحولیاتی منصوبوں—’گرین فیلڈ پروگرام’ (گرین اسٹارٹ اَپس اور نوجوانوں کی جدید کاری کے لیے) اور ‘گرین یونیورسٹی’ (عالمی سطح کی تحقیق و تبادلۂ خیال کا پلیٹ فارم)—کے بارے میں بریفنگ دی۔ طرفین نے اتفاق کیا کہ کوپ 31 کے تاریخی موقع پر ان منصوبوں سے متعلق اہم اعلانات کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے صدرِ ترکیہ اور خاتونِ اول کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے ترکیہ کی قیادت کی کاوشوں کو سراہا۔

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے انتقال پر گورنر خیبرپختونخوا کا اظہارِ تعزیت

منصور احمد, JULY 23,2026

پشاور (نیوز اینڈ نیوز) — 23 جولائی 2026ء

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے ناگہانی انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر ہاؤس پشاور کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ تعزیتی پیغام میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے مرحوم کے غمزدہ اہل خانہ، جماعت اسلامی کی اعلیٰ قیادت، کارکنان اور تمام سوگواران سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مرحومات کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امیر العظیم ایک مدبر، باوقار اور اصول پسند سیاسی و مذہبی رہنما تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی ملک، قوم، جمہوری اقدار اور دینی تعلیمات کے فروغ و نفاذ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے مرحوم کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ امیر العظیم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو اس عظیم صدمے پر صبرِ جمیل کی توفیق دے۔